مردان کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہریوں کی اموات پر تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی، گنڈاپور

ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران عام شہریوں کی اموات پر تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی۔ڈان نیوز کے مطابق مردان میں آپریشن سے متعلق وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے دوران عام شہریوں کی شہادتوں کا واقعہ قابل مذمت ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کاٹلنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک انسداد دہشت گردی کارروائی کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے مقام کے اطراف میں بعض غیر مسلح شہری موجود تھے، کارروائی میں غیر مسلح افراد کے مارے جانے کا افسوس ہے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔بعد ازاں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ اور سوات سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ڈاکٹر امجد علی نے ایک ویڈیو بیان میں اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کاٹلنگ میں گجر برادری سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حملے میں 9 افراد شہید ہوئے جن کی اب تک شناخت ہو چکی ہے، تاہم کچھ بچے اب بھی لاپتا ہیں اور لاشوں کی حالت کی وجہ سے ان کی شناخت کرنا مشکل ہے۔علی امین گنڈا پور کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسی علاقے میں پہلے بھی دہشتگردوں کے خلاف کاروائیوں میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح اسی علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران عام شہریوں کی شہادتوں کے افسوسناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی جب کہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد صوبائی حکومت واقعے سے متعلق اپنا واضح موقف دے گی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام صوبے سے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں