چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی بیٹیاں ہاورڈ اور آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کریں، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کیے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اسی مقصد کے تحت بلوچستان میں "ویمن اکنامک امپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ” کا اجراء ایک تاریخی سنگ میل ہے، جس سے صوبے کی ہزاروں باصلاحیت خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد ملے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ویمن اکنامک امپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، صوبائی وزرائ ارکان صوبائی اسمبلی اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کا متحرک کردار ہمیشہ سے ان کے دل کے قریب رہا ہے اسی لیے بلوچستان میں نہ صرف خواتین کو کلیدی انتظامی عہدوں پر تعینات کیا گیا بلکہ اب ان کے معاشی کردار کو بھی اجاگر کرنے کے لیے یہ عملی قدم اٹھایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث ان کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے نہیں آ پا رہیں یہ حکومت کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم خواتین کو مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنے گھروں، شہروں اور دیہاتوں میں مردوں کے شانہ بشانہ مثبت کردار ادا کر سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود اس فنڈ کو کامیاب ماڈل بنانے کے لیے پرعزم ہے اور انڈومنٹ فنڈ کے موجودہ حجم کو بڑھا کر 50 لاکھ روپے تک لے جایا جائے گا تاکہ خواتین بڑے پیمانے پر کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں انہوں نے اس موقع پر تعلیم کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ "اللہ تعالیٰ کا پہلا حکم ’اقرائ ‘ ہے، جس میں مرد و عورت کی کوئی تخصیص نہیں اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی بیٹیاں ہاورڈ اور آکسفورڈ جیسی عالمی جامعات میں تعلیم حاصل کریں انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بن کر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی خواتین کے لیے رول ماڈل ثابت ہوئیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تاریخ فیصلہ کرے گی کہ کون سا نظریہ درست ہے وہ لوگ جو ہماری پڑھی لکھی خواتین کو خودکش جیکٹ پہنا کر معصوم لوگوں کا قتل عام کرانا چاہتے ہیں یا ہم جو اپنی خواتین کو بزنس کے لیے سرمایہ فراہم کر رہے ہیں انہیں ہاورڈ اور آکسفورڈ بھیج رہے ہیں اور انہیں گھروں کی مالکانہ حقوق دے رہے ہیں انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بننے والے تقریباً آٹھ ہزار گھروں میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ مالکانہ حقوق فراہم کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ خواتین حقیقی معنوں میں بااختیار بن سکیں اس موقع پر انہوں نے خضدار کی خاتون کو وویمن بازار کے قیام پر مبارکباد دی اور مزید سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا اسی طرح گوادر اور نواحی علاقوں کی متحرک خواتین کی جدوجہد کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ ان کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی اور صوبائی حکومت ان کی ترقی کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے فنڈ سے مستفید ہونے والی ایک نابینا بچی کی سپورٹ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایس ہونہار اور محنتی بچی کو انڈومنٹ فنڈ سے ہٹ کر بھی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی زندگی بہتر بنا کر معاشی استحکام کے راستے پر گامزن ہوسکے میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت بھی ان کے اقدامات کی پیروی کرتے ہوئے بلوچستان میں وومن امپاورمنٹ کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی خطاب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور ان کی ٹیم سمیت اس منصوبے میں شریک تمام اداروں اور افراد کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "یہ انڈومنٹ فنڈ آج ایک بیج ہے جو ان شائ اللہ کل ایک تناور درخت بنے گا اور بلوچستان کی خواتین کو مکمل طور پر بااختیار بنائے گا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، "ویمن اکنامک امپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ” کے قیام سے صوبے کی خواتین کو نہ صرف معاشی طور پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ انہیں معاشرتی ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے عمل کو بھی تقویت ملے گی ویمن اکنامک امپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین صلاحیت اور ہنر میں کسی سے کم نہیں، ضرورت صرف انہیں مواقع اور وسائل فراہم کرنے کی ہے تاکہ وہ اپنی محنت اور قابلیت کے ذریعے اپنے خاندان اور معاشرے کے لیے فعال کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں بلا سود قرضے، ہنر مند خواتین کے لیے کاروباری مواقع، اور سماجی بہبود کے منصوبے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فنڈ دراصل خواتین کی معاشی خودمختاری کی طرف ایک عملی قدم ہے جس کے ثمرات آنے والے وقت میں پورے صوبے کی ترقی میں جھلکیں گے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سرپرستی اور ذاتی دلچسپی اس بات کی عکاس ہے کہ حکومت خواتین کو قومی ترقی کا لازمی حصہ سمجھتی ہے انہوں نے کہا کہ یہ فنڈ آج ایک نیا آغاز ہے جو مستقبل میں خواتین کے لیے روزگار، کاروبار اور تعلیم کے نئے دروازے کھولے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بیٹیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، ہمارا مقصد ہے کہ ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہو اور انہیں ہاورڈ، آکسفورڈ اور دیگر بین الاقوامی اداروں تک رسائی ملے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقی نسواں کے محکمے کی جانب سے خواتین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ معاشی، تعلیمی اور سماجی میدانوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں انہوں نے تمام متعلقہ اداروں سرکاری محکموں اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ خواتین کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں پروگرام کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور خواتین کابینہ اراکین کے ہمراہ انڈومنٹ فنڈ کے کاغذات خواتین میں تقسیم کئے جبکہ پروگرام کے منتظمین کو شیلڈز دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں