مکران میڈیکل کالج میں وانوا بیسڈ سپلی اور اینول امتحانات کے کلچر کا خاتمہ، ڈی ایم ای اور پرنسپل کو برطرف، اسکالر شپ بحال کی جائیں، طلبہ کا مطالبہ
تربت (نمائندہ انتخاب) مکران میڈیکل کالج (ایم ایم سی) تربت کے طلبہ و طالبات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں طلبہ کے ساتھ ناانصافیوں کا ایک طویل اور منظم سلسلہ جاری ہے، جو ادارے کے قیام سے اب تک ختم نہیں ہو سکا۔ طلبہ کے مطابق 3 دسمبر 2025ءکو تھرڈ ایئر کے سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 6 طلبہ کو وانوا میں فیل کیا گیا، جن میں ایم ایم سی کے 4 طلبہ شامل ہیں۔ متاثرہ طلبہ میں محمد عباس، محمد بارون، یوسف اور شفیق احمد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف تھرڈ ایئر تک محدود نہیں بلکہ اس سے قبل سیکنڈ ایئر کے نتائج میں 36 طلبہ و طالبات کو وانوا میں فیل کیا گیا، جہاں وانوا میں سیٹوں کی مجموعی تعداد 46 تھی، جبکہ 11 طلبہ و طالبات کو دو اور تین پیپرز میں سپلی دی گئی۔ اسی طرح فرسٹ ایئر کے نتائج میں بھی 13 طالبات کو سپلی دی گئی۔ طلبہ نے کہا کہ انہوں نے خود کو ذمہ دار طلبہ سمجھتے ہوئے تین مرتبہ مذاکرات کی کوشش کی مگر ادارے کی اکیڈمک اور انتظامی قیادت نے اس سنگین مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مسلسل نظر انداز کیا۔ جب انتظامیہ سے جواب طلبی کی گئی تو مسائل کے حل کے بجائے طلبہ کو دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ ایسے واقعات آئندہ بھی پیش آتے رہیں گے۔ پریس کانفرنس میں طلبہ نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی نے مذاکرات کے بہانے لاٹھی چارج، گرفتاری اور ایف آئی آر کی دھمکیاں دیں۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ آج بھی انہیں زبردستی ہٹانے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ طلبہ و طالبات نے اعلان کیا کہ انہوں نے کلاسز کا بائیکاٹ کر دیا ہے، کالج انتظامیہ اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے، اور ایم ایم سی کے ہاسٹل گیٹ کے سامنے پرامن کیمپ لگا کر احتجاج جاری ہے۔ احتجاج کے دوران طلبہ نے سی پیک روڈ کو بھی بند کر دیا ہے۔ طلبہ کے اہم مطالبات پیش کیے گئے تھرڈ ایئر کے اینول امتحانات کے نتائج کو فوری طور پر اپڈیٹ کیا جائے۔ وانوا بیسڈ سپلی اور اینول امتحانات کے کلچر کا خاتمہ کیا جائے۔ ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن (ڈی ایم ای) کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ پرنسپل مکران میڈیکل کالج کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ موڈیولر نظام کو باقاعدہ اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے۔ایم ایم سی کی فورتھ بیچ (2020-2021) اور 33 متاثرہ طلبہ و طالبات کی پی ایم ڈی سی رجسٹریشن کی جائے۔ طلبہ کے اسکالرشپ کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔ طلبہ و طالبات نے واضح کیا کہ جب تک ان کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ اپنا پرامن دھرنا جاری رکھیں گے اور احتجاج ختم نہیں کریں گے۔


