غزہ امن منصوبے پر تعاون کا شکریہ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی شراکت داری ضروری ہے، امریکہ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) واشنگٹن ڈی سی میں امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ روبیو نے غزہ کے لیے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی مسلسل حمایت کرنے اور ’بورڈ آف پیس‘ کے افتتاحی اجلاس میں بطور بانی رکن شرکت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ بیان کے مطابق ’امریکی وزیر خارجہ نے 31 جنوری کو بلوچستان میں ہونے والے ہولناک حملوں اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے تباہ کن بم دھماکے پر تعزیت کا اظہار کیا، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلسل شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیرِ خارجہ نے واشنگٹن میں حالیہ ’کریٹیکل منرلز منسٹریل‘ (اہم معدنیات سے متعلق وزارتی اجلاس) میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔ حکام نے اہم معدنیات اور توانائی کے شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ امریکی کمپنیوں کے لیے تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اِن عالمی رہنماو¿ں میں شامل ہیں جو امریکی صدر ٹرمپ کی میزبانی میں ’بورڈ آف پیس‘ کے عالمی اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن موجود ہیں۔ ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیرِ اعظم کی واشنگٹن میں اعلی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی اس سلسلے کا حصہ ہے۔


