ڈیرہ اسماعیل میں خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرکے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، سی ٹی ڈی
ویب ڈیسک: سی ٹی ڈی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں حساس ادارے کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ خودکش حملہ آور خاتون کو گرفتار کر کے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی تھی کہ شیخ یوسف خیمہ بستی میں ایک جوان العمر خاتون موجود ہے جو خودکش حملے کی تیاری کر رہی ہیں۔ سی ٹی ڈی کی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (ایس ڈبلیو اے ٹی) نے چھاپہ مار کر مذکورہ خاتون کو گرفتار کیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں خاتون نے اپنا نام بتایا اور انکشاف کیا کہ وہ عرصہ دراز سے کالعدم تنظیم کے کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی تربیت میں رہی ہیں، جو اب ہلاک ہو چکے ہیں۔ خاتون نے مزید بتایا کہ اس نے حالیہ دنوں میں خودکش حملے کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی اور اسے جیکٹ اور ہدف کمانڈر عاصم کی جانب سے فراہم کیا جانا تھا۔خاتون کے خیمے سے ایک کمانڈو بیگ برآمد ہوا جس میں پستول بمعہ کارتوس، پرفیوم (بارود کی بو چھپانے کے لیے)، دو موبائل فون، پاور بینک اور دیگر سامان شامل تھا۔ موبائل فونز میں کالعدم تنظیم سے رابطوں کے شواہد بھی ملے۔انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔


