سانحہ شاہرگ کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں،پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن
کوئٹہ( آن لائن)پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن نے ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں واقع (پی ایم ڈی سی) کی کوئلہ کان (ایریا نمبر 151) میں ٹھیکیدار فاروق ملیزئی کی زیرانتظام چلنے والی کان کے اندر گیس جمع ہونے کے باعث پیش آنے والے المناک حادثے میں 4 کانکنوں کی ہلاکت اور 5 مائن مزدوروں کے شدید زخمی ہونے پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقع کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے ساتھیوں نے شاہرگ کوئلہ کان حادثے میں زخمی کانکنوں کی ہسپتال میں جا کر عیادت بھی کی اور فیڈریشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن نے انجینئر حسین ہارون کی نگرانی میں پی ایم ڈی سی ریسکیو ٹیم کے بروقت امدادی آپریشن کوسراہا جس کے نتیجے میں 5 مائن مزدوروں کوشدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کرکے ان کی جان بچائی گئی۔پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان ، مرکزی چیئرمین عبدالستا ر ، آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات منظور احمد بلوچ ،آل پاکستان لیبر فیڈریشن بلوچستان کے صدر شاہ علی بگٹی،شاہنواز زہری ، سعید بلا نوشی ، شاہ وزیر ، ولید سمیت دیگر ٹریڈ یونین نمائندوں نے کوئلہ کانوں میں بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کیلئے مائنز کے تحفظ کے قوانین اور آئی ایل او کنونشن C-176 کے مو¿ثر نفاذ کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ مائننگ کے شعبے میں حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے سے بچانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھیکیداری نظام فوری طور پر ختم کیا جائے ،روزانہ کی بنیاد پر مائنزانسپکشن یقینی بنائی جائے،مائنز ورکرز کیلئے ہیلمٹ ، حفاظتی چشمے، سانس لینے کیلئے ماسک اور آکسیجن سلنڈر کا استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ صحت و سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی مائنز کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کوئلہ کان کے مزدوروں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمدیقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں ۔


