رخشان ڈویژن میں راشن و طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، میر ہاشم نوتیزئی

دالبندین:بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور ایم این اے حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے لاک ڈان اور سرحدی تجارت کی بندش سے متاثرہ رخشان ڈویژن کے تمام علاقوں میں فوری طور پر راشن اور طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات لوگوں کی ہنگامی امداد کے متقاضی ہیں حکومتی ادارے منتخب نمائندوں کی توسط سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فی الفور اقدامات اٹھائیں۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا انہوں نے اس سلسلے میں ایس ایم ایل کے ایم ڈی رزاق سنجرانی کو بھی عوام کے مشکلات سے آگاہ کیا جنہوں نے ایم آر ڈی ایل کے صدر کی معاونت سے سیندک اور آس پاس کے مکینوں میں راشن تقسیم کی جو اچھا عمل ہے لیکن اس سلسلے کو چاغی نوشکی خاران اور واشک اضلاع تک توسیع دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب کورونا وائرس ملک میں پھیل رہا ہے اور چاغی و نوشکی زائرین کی گزرگاہ پر ہیں صوبائی اور وفاقی حکومت سمیت ملکی اور بین الاقوامی این جی اوز ان علاقوں میں طبی اور خوردنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں پہنچ جائیں اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی اس سلسلے میں تمام فورمز پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں