کیئر فار میڈیا کے نام سے ایپ کا اجراء، معلومات چھپانے سے حالات خراب ہونگے،فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملک بھر میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ اور سلامتی کے لئے کیئر فار میڈیا کے نام سے ایپ کا اجراء کر دیا ہے‘ یہ ایپ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ صحافی اور میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کے لئے ہے۔ بدھ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزراء اطلاعات ویڈیو کانفرنس کے دوران وزراء اطلاعات کو آگاہ کیا کہ گذشتہ ویڈیو کانفرنس میں یہ معاملہ زیر بحث تھا کہ اگرکوئی صحافی یا میڈیا ورکر کورونا وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو اسکے لئے کیا اقدام ہوسکتا ہے‘ اس کے لئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز ایک ایپ بنائی جائے گی اس فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی سلامتی اور تحفظ کیلئے کیئر فار میڈیا ایپ کے نام تیار کر لی گئی ہے جس کا باقاعدہ اجراء اس ویڈیو کانفرنس میں کر دیا گیا ہے‘ ملک کے کسی بھی حصہ میں کورونا وائرس کے متاثر صحافی یا میڈیا ورکرز جب اس ایپ پر رجسٹرڈ ہو جائیں گے تو حکومت ان کے علاج معالجے کے لئے بہتر اقدامات یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ وباء سے متعلق معلومات چھپانے سے حالات خراب ہونگے،میڈیا صوبائی حکومتوں کے ترجمان سے ہی کورونا سے متعلق معلومات لے۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں کیلئے حفاظتی کٹس فراہم کرنے جارہے ہیں،حفاظتی کٹس وائرس سے متاثرہ علاقوں کی کوریج کرنیوالے صحافیوں کو دی جائیں،ہاکرز کو بھی وزیراعظم سپورٹ فنڈ میں شامل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹی وی سکرینز پر چلنے والا مواد موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھ کر چلنا چاہیے،کورونا سے متاثر ہونیوالوں کا فرض ہے کہ دوسروں سے دور رہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ تمام ادارے میڈیا کے بقایا جات ادا کریں،صوبائی وزراء اعلیٰ بھی میڈیا واجبات کے حوالے سے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،ملکر کورونا کو شکست دیں گے۔