پالیمانی پارٹی اجلاس، 180اراکین کا عمران خان کی حمایت کی یقین دہانی

اسلام آباد :وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 180اراکین نے کھڑے ہوکر وزیراعظم کو حمایت کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت اور رائے کی آزادی پر یقین رکھتا ہوں،ایک مقصد کیلئے سیاست شروع کی ہے،مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات نہیں منوا سکا، عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے،جسے مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے،اگر آپ کی نظر میں غلط ہوں تو بیشک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اتحاد کا اجلاس ہواجس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلہ پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں 180 اراکین اسمبلی شریک ہوئے جنہوں نے وزیراعظم کو کھڑے ہو کر حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ارکان سے کہاکہ جس کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے۔پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس میں وزیراعظم کے حق میں نعرے لگائے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ارکان جذباتی ہوگئے۔ارکان اسمبلی نے کہاکہ وزیر اعظم صاحب حلقہ ہم سنبھالیں گے آپ اپنے مقصد پرڈٹے رہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ آپ کو عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے،آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں،پیسے لے کر ووٹ دینا بدیانتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا،ہمارے ارکان کے بکنے کی وجہ سے حفیظ شیخ کو شکست ہوئی،میں اگر آپ ارکان کی نظر میں غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ میں نے ایک مقصد لے کر سیاست شروع کی ہے،میں جمہوریت اور آزادی رائے پر یقین رکھتا ہوں،مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات نہیں منوا سکا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ہار کی کوئی فکر نہیں، انسان ہار سے بہت کچھ سیکھتا ہے، مجھے ہارنے اور جیتنے کا زیادہ تجربہ ہے، ہار بھی گیا تو آئندہ زیادہ اکثریت لیکر آؤں گا۔پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں ناشتہ (آج)پارلیمنٹ ہاؤس میں دیا جائے گا۔ارکان کو 12 بجے تک ایوان میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔تحریک انصاف نے اپنے اراکین کو صبح ناشتے پر مدعو کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں