سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، حکومتی و اپوزیشن اراکین آمنے سامنے، لوٹا لوٹا کے نعرے
کراچی: سندھ اسمبلی اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا، اپوزیشن اور حکومتی ارکان شور شرابہ کرتے رہے، حزب اختلاف نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا، شہریارشراوراسلم ابڑو حکومتی بینچز پر موجود تھے۔ اپوزیشن اراکین نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگاتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور اسپیکر کے سامنے احتجاج کرتے رہے، حکومتی اراکین نے بھی اپوزیشن کے احتجاج کا جواب دیتے رہے جس پر اجلاس ہنگامہ آرائی کا شکار گیا۔اسپیکر سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس 10 منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔
اسمبلی کا اجلاس وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہواتو خرم شیر زمان پھر سوال کے لیے کھڑے ہوگئے۔اسپیکر سراج درانی نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سپلیمنٹری نہیں،یہ کبھی سیکھنے کے لیے تیار نہیں۔ مکیش کمار نے کہا کہ آپ کو شرم آنی چاہیے آپ نے اسپیکر کیلئے غلط الفاظ بولے۔ اسپیکر نے عارف جتوئی کا سوال ختم کردیا۔


