بیرسٹر سیف کا ایم کیوایم چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ
اسلام آباد: بیرسٹر سیف نے ایم کیوایم چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ملاقات میں بیرسٹر سیف نے ایم کیو ایم چھوڑنے اور تحریک انصاف میں شامل ہونے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ بیرسٹر سیف بطور سینیٹر کل ریٹائر ہورہے ہیں اور ان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔
واضح رہے کہ بیرسٹر سیف نے اپنی سیاست کا آغاز سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت اے پی ایم ایل سے کیا، تاہم 21 دسمبر 2012 کو ذاتی وجوہات کی بنا پر اے پی ایم ایل سے استعفیٰ دے کر نومبر 2013 کو ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرلی تھی، اور اس وقت کے ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ کہ ایم کیو ایم متوسط طبقے کی حقیقی نمائند جماعت ہے، یہ روایتی جماعت نہیں بلکہ ایک حقیقی تحریک ہے اس لیے میرے لیے ایم کیو ایم سے بہتر کوئی بھی سیاسی پلیٹ فارم نہیں تھا۔


