سینیٹ کے حالیہ انتخابات ملک کی تاریخ کے بدترین انتخابات تھے،وزیراعلیٰ سندھ
حیدرآباد:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹ کے حالیہ انتخابات ملک کی تاریخ کے بدترین انتخابات تھے، پریزائیڈنگ افسر نے یوسف رضا گیلانی کے 7ووٹ بلا وجہ مسترد کئے ایسا کرکے در حقیقت انہوں نے دیئے گئے اسکرپٹ پر عمل کیا، ملک کی لائیو اسٹاک اور ڈیری میں جو پوٹینشل ہے اس سے حقیقی معنوں میں اب تک استفادہ نہیں کیا گیا ہے، سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ لائیو اسٹاک کو فروغ دے کر اس سے معاشی فائدہ حاصل کیا جائے اس سے روزگار کے مواقع بھی پید ا کئے جائیں۔وہ ہٹڑی بائی پاس حیدرآباد پر لائیو اسٹاک ایکسپو 2021کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سینیٹ کا یہ الیکشن پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن تھا اور یوسف رضا گیلانی کے 7ووٹوں کو پریزائیڈنگ آفیسر نے بلا وجہ مسترد کر دیا در حقیقت پریزائیڈنگ افسر نے دیئے گئے اسکرپٹ پر عمل کیا، انہوں نے کہا کہ پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی نے سینیٹ انتخابات کوعدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم پر امید ہیں کیونکہ تاریخ میں اس کی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں خفیہ کیمروں کی تنصیب پاکستان کے آئین کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے رکن ہونے کی حیثیت سے انہیں ممبران کے ووٹوں کے بارے میں بات کرنے کا حق ہے، سینیٹ وہ ایوان ہے جو صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کے ووٹوں سے تشکیل دیا جا تا ہے لٰہذہ ہم اپنے ووٹ کیلئے لڑیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نہ صرف ٹیکس لینے بلکہ ٹیکس اصلاحات لانے میں بھی ناکام رہی ہے، انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے میں سے کٹوتی سے ہمارے ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں، تجاوزات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے کہ ان تجاوزات کو ختم کیا جائے جو آبپاشی کے نظام میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ لوگوں کو بے گھر کرنا نہیں چاہتی لیکن ہمارے پاس خاطر خواہ بجٹ نہ ہونے کے باعث ہم تجاوزات کے خلاف مہم سے متاثرہ لوگوں کو سیٹل نہیں کر سکتے، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے لائیو اسٹاک ایکسپو کا انعقاد ایک مشکل کام تھا مگر اس کے باوجود کورونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے اتنے بڑے پیمانے پر ایکسپو کا انعقاد محکمہ لائیو اسٹاک و دیگر متعلقہ محکموں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز عبدا لباری پتافی نے ہمیشہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دینے کی کوشش کی ہے اور یہ ایکسپو بھی انکی کاوشوں کا ثمر ہے، اگر یہ کوششیں جاری رہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم شعبہ لائیو اسٹاک میں ترقی نہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ ایک نظر انداز شعبہ تھا جس کی ترقی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پرعوام کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں اور حکومت سندھ کی جانب سے منعقدہ اس بہتر ین ایکسپو کو دیکھیں، مجھے آج دوسرے لائیو اسٹاک ایکسپو میں شرکت کا اعزاز ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 22 سو سے زائد جانور ایکسپو میں نمائش کیلئے موجود ہیں جبکہ لائیو اسٹاک سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایکسپو میں شرکت نمایاں ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو کے انعقاد کے سلسلے میں معاونت کرتی رہے گی، انہوں نے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک وفشریز عبدالباری پتافی سے کہا ہے کہ غیر ملکی ڈپلومیٹس اور ایم پی ایز کو بھی یہ ایکسپو دکھائیں۔صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز عبدالباری خان پتافی نے کہا کہ دوسرے لائیو اسٹاک ایکسپو 2021 کے روح رواں وزیراعلی سندھ ہیں اورکہا کہ پہلی ایکسپو کی کامیابی کی وجہ سے وہ آج دوسری بار اس ایکسپو میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کی بہترین بریڈ زکا تعلق سندھ سے ہے اوراس ایکسپوکے ذریعے سندھ سمیت ملک کے مویشیوں کو دنیا بھر میں متعارف کرائے جانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک سندھ کے کلچر کا حصہ ہے اور ملک کی 43 فیصد آبادی کا انحصار زراعت اور لائیو اسٹاک پرہے مگر اس کے باوجود لائیو اسٹاک نظر انداز سیکٹرتھا جس کی ترقی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ سے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں سے وابستہ لوگ فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت وسیاحت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ملک اور صوبے کی ترقی کا انحصار لائیو اسٹاک پر ہے اور ہم ثقافتی طور پر فارمرز رہے ہیں جس کے شواہد سندھ کی پرانی تہذیب سے بھی ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی معیشت مزید مستحکم ہو سکے، سندھ خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر عبدالباری پتافی سمیت اس ایکسپو کے انعقاد میں حصہ لینے والے تمام لوگ قابل ستائش ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے لائیو اسٹاک ایکسپو 2021کا افتتاح کرنے کے بعد ایکسپو میں موجودبرڈز، پیٹس، فش سمیت مویشیوں اور دیگر اسٹالز کاتفصیلی معائنہ کیا۔تقریب میں لائیو اسٹاک ایکسپو2021 کے بہترین انتظامات کرنے پر کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، اے آئی جی پولیس رینج حیدرآباد ڈاکٹر جمیل احمد، ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل احمد کھرل، ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ،ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد ذوالفقار علی شیخ و دیگر متعلقہ افسران کو شیلڈ سے نوازہ گیا، اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی، صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ،صوبائی سیکریٹری لائیو اسٹاک اعجاز مہیسر، کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل کھرل، ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو،اے آئی جی پولیس حیدرآبادرینج ڈاکٹر جمیل احمد، ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
Final-13-04


