اپوزیشن کا بائیکاٹ، کونسل آف سینئر پارلیمنٹرینز کااجلاس بے نتیجہ ختم

اسلام آباد:اپوزیشن کے بائیکاٹ کے باعث کونسل آف سینئر پارلیمنٹرینز کااجلاس پیر کو بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ اجلاس چھ مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر (ن) لیگ کے اراکین پارلیمنٹ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملے کی تحقیقات کے لئے بلایا گیاتھا تاہم پی ڈی ایم نے اجلاس کابائیکاٹ کردیا کونسل کے چیئرمین وفاقی وزیر فخر امام نے اپوزیشن کو منانے کیلئے دو رکنی ذیلی کمیٹی قائم کردی۔کونسل آف سینئر پارلیمنٹرینز کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں فخر امام کی زیر صدارت ہوا جس میں صرف وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ امور فہمیدہ مرزا نے شرکت کی۔ اپوزیشن کی جانب سے کوئی بھی رکن اجلاس میں شریک نہ ہوا فخر امام نے کونسل کے قواعد وضوابط پڑھے اور امید ظاہر کی کہ کونسل پارلیمانی روایات اور اقدار کا تحفظ کرے گی اس موقع پر اپوزیشن کو کونسل میں واپس لانے کیلئے ایک ذیلی کمیٹی قائم کی گئی جوکہ پی ڈی ایم سے رابطہ کرے گی وزیر دفاع پرویز خٹک اور فہمیدہ مرزا نے ملک کودرپیش چیلنجز کامقابلہ کرنے کیلئے اتفاق رائے کے قیام سے متعلق سپیکر اسد قیصر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ تمام شراکت داروں کے اعتماد کے ساتھ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں