پی ڈی ایم میں جاری اختلافات ختم کرنے کا اشارہ، آصف زرداری کا ن لیگ کو اہم پیغام
کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)میں جاری اختلافات کو ختم کرنے کا اشارہ دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے اختلافات کو ختم کروانے کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل)نے کوششیں تیز کردی ہیں۔بی این پی کے وفد نے بلاول ہاوس کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں پی ڈی ایم میں جاری اختلافات کو ختم کرنے پر غور کیا گیا۔ملاقات میں آصف علی زرداری نے اختلافات ختم کرنے کے لیے بی این پی کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کو مصالحتی پیغام دیا، جسے بلوچستان نیشنل پارٹی کی قیادت آج جمعرات کو(ن) لیگی قیادت تک پہنچائے گی۔بی این پی کی جانب سے شروع کی جانے والی کوششوں سے بریک تھرو کا امکان بھی ہے کیونکہ یہ وفد (آج) جمعرات کومسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ملاقات کر کے آصف علی زرداری کا مصالحتی پیغام پہنچائے گا۔بی این پی وفد کا کہنا تھا کہ اختر مینگل کی ہدایت پر مشن پر نکلے ہیں تاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اختلافات ختم ہوں، مریم نواز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے نیب پیشی پر جانے کے لیے تیار ہیں۔سینیٹر جمالدینی کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے پیغام میں مثبت پیغام دیا، اس پیغام کو(ن) لیگی قیادت تک پہنچا کر رنجشیں ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پی ڈی ایم قائدین مشترکہموقف اپنائیں تاکہ اتحاد کو نقصان نہ پہنچے۔واضح رہے کہ لانگ مارچ سے قبل اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے معاملے پر پی پی نے دو ٹوک جواب دیا جس کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔


