عثمان بزدار چوکے چھکے مار رہے ہیں، فردوس عاشق
لاہور :ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو شرم آنی چاہیے کہ وہ ایک طویل عرصے تک حکومت میں رہنے کے باوجود ایک بھی بین الاقوامی معیار کا ہسپتال نہ بنا سکے اور ہیلتھ پالیسی لانے میں ناکام رہے۔ بدقسمتی سے ایک مراعات یافتہ خاندان کو معالج بھی باہر سے بلانا پڑتے ہیں۔ جعلی راجکماری بیماری کا ڈرامہ رچا کر امپورٹڈ معالج بلا کر علاج کرا رہی ہیں۔ ڈاکٹرعدنان ضرور کوئی بیماری بھی اپنے ساتھ لائے ہوں گے جس کا علاج یقینا پاکستان میں نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر عدنان بیمار کو صحت مند اور صحت مند کو بیمار کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ایسی کوئی مہلک بیماری لاحق نہیں جس کے لئے ان کو بیرون ملک جانا پڑے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس کے تانگے کی سواریاں پوری نہیں ہیں وہ پنجاب میں تبدیلی کی بات کس منہ سے کر رہے ہیں۔ میں انہیں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ عثمان بزدار چوکے چھکے مار رہے ہیں آپ پہلے گراؤنڈ میں تو آئیں اور گراؤنڈ میں آنے کے لئے 11کھلاڑی چاہئیں جبکہ آپ کے پاس صرف 7 ہیں۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی کے ذمہ داروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ماضی میں ایسی مثال نہیں ملتی جب حکومت نے اپنے ہی لوگوں کا احتساب کیا ہو۔ قبل ازیں معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں قبضہ گروپوں کے خلاف بلا تفریق کاروایاں کر کے سرکاری اراضی واگزار کروا رہی ہے۔قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف جاری اس خصوصی مہم کے دوران اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت نے قبضہ مافیا کے ایسے بت پاش کئے جو اپنی ذات میں خدا بنے بیٹھے تھے اور قوم نے دیکھاکہ جب مافیا کے خلاف کارروائی ہوئی تو چیخیں لندن تک سنائی دی گئیں۔ ڈاکٹر فردوس نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف جاری یہ آپریشن کسی سیاسی جماعت، کسی فرد یا کسی مخصوص شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ اس کا مقصد سرکاری املاک کو قبضہ مافیا سے نجات دلاکر عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے استعمال میں لانا ہے۔ قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی ان زمینوں پر عوام کیلئے ریلیف کے منصوبوں کا آغاز وزیراعلیٰ کی عوام دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومت نے اڑھائی سال سے قبضہ مافیا کے خلاف بلاتعطل آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ لاہور کی قیمتی سرکاری اراضی پر ن لیگی مافیا نے بے دردی سے قبضے کئے اور یہ مافیا ن لیگ کی ظالمانہ اور جابرانہ سیاست کو پروان چڑھاکر لوٹ مار کرنے میں سرگرم عمل رہا۔معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب کے عوام کو قبضہ مافیا اور غنڈہ گرد عناصر سے چھٹکارا دلاکر پرامن اور صاف شفاف ماحول فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہ


