طاقتور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی قائم ہونے تک معاشرہ اوپر نہیں آسکتا، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی۔ رحمت العالمینﷺ اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ دنیا کے سب سے عظیم انسان ہیں، اور ان کی تعریف نہ صرف مسلمان بلکہ غیرمسلم بھی کرتے ہیں، لیکن میں آج تک نہیں دیکھا کہ ہم نے اپنے زندگیوں کو نبی ﷺ کی سیرت اور تعلیمات میں ڈھالا ہو، ہم مسجد میں تو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں لیکن مسجد سے باہر یہ کام نہیں ہوتا، جب کہ قرآن کہتا ہے کہ نبیﷺ کی زندگی سے سیکھو اور ان کی سنت پر چلو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے نبیﷺ کی تعلیمات کو عام آدمی کی زندگی میں لے کر آئیں اور ان کی سنتوں کو عام کریں، اپنی زندگیاں ری ماڈل کرناہماری سب سےبڑی کاوش ہوگی، تعلیم کے بغیر کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی، وفاقی حکومت اسکالرشپ پروگرام میں تعاون کررہی ہے، اور ہر سال 5.5 ارب روپے 70 ہزار اسکالر شپ پرخرچ کرے گی، اور مجموعی طور پر ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپز دی جائیں گی، احساس پروگرام کےذریعے عوام کو ٹارگٹڈسبسڈی فراہم کر رہےہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی قائم ہونے تک معاشرہ اوپر نہیں آسکتا، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی، کمزور شخص جتنی بڑی چوری بھی کرلے لیکن وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا، لیکن طاقتور آدمی اربوں کی چوری کرتا ہے اور اسے باہر لے جانا پڑتا ہے کیوں کہ اگر وہ پیسہ ملک میں رہے گا تو سب کو نظر آئے گا، عام آدمی کو انصاف ملے تو وہ اپنے ملک سے پیار کرتے گا، انصاف کی بالادستی اور تعلیم سے ہی ہمارا ملک فلاحی ریاست بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں