مہنگائی بیروزگاری اور بدعنوانی حکمرانوں کے پیدا کردہ مسائل ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ قرآن کو تھام کر مفادات اور عصبیت کی زنجیریں توڑ کر حق اور سچ کی راہ اپنائی جائے کیونکہ صرف ایک قرآن ہی سب فرقوں، جماعتوں گروہوں، برادریوں سے نکال کر ہمیں متحد ومنظم کر سکتا ہے۔مہنگائی بے روزگاری بدعنوانی حکمرانوں کے پیداکردہ مسائل ہیں۔اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے۔جماعت اسلامی ملک کو اسلامی بناکر عوام کے مسائل حل کریگی۔انہوں نے کہاکہ بے حیائی عورت سے اسکی عزت و عظمت اور مرد سے غیرت چھین لیتی ہے، اور جب کسی قوم میں غیرت نہیں رہتی تو وہ قوم تباہ برباد ہو جاتی ہے۔مغربی طاقتیں پاکستان پرہر طرف سے تہذیب و تمدن معاشرت، سیاست اور معاشی حملے کر رہے ہیں۔ شیطان نے چاروں جانب سے مسلمانوں پر بے حیائی اور بے پردگی کا حملہ کیا ہوا ہے کامیابی تبھی ہو گی جب ہم قرآن کے سوا ہر شے ترک کر دینگے۔آج بے حیائی نے ہمارے بچوں کے دلوں سے ادب و احترام کا جذبہ ختم کر دیا ہے بے حیائی اور بدکرداری کا آغاز نظر کے غلط استعمال سے ہوتا ہے، اسی لیے قرآن پاک نے مرد و خواتین کو نظر درست رکھنے کا حکم دیا ہے، اسلام کا کلچر ہے کہ اسکے نوجوان اپنی ماؤں بہنوں، بیٹیوں کی عفت و عصمت کے محافظ ہوتے رہیں۔ پاکستان کے نوجوان نسل کو بے حیاء بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیا عورت کا زیورہے اورحیا میں ہی وہ قوت ہے جو انسان کو لغزش کے موقع پر سہارا دیتی ہے۔اللہ تعالیٰ کو ہمارا حیا کا جذبہ درکار ہے۔جوکسی بھی خوشی یا غم کے موقع پر دبنے نہ پائے بے حیائی اور فحاشی کے اس دور میں حیا کا جذبہ رکھنے والا ہر شخص پریشان ہے۔ اس پریشانی اور ذہنی انتشار کا واحد حل صرف اور صرف نبی مہربانؐ کی تعلیمات میں مضمر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہرفرد اور ادارہ اپنی ذمہ داریوں کوسمجھے اورنئی نسل کوبگاڑنے کی بجائے ان کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں