کورونا پھیلاؤ، نئی بندشوں کے فیصلے کا اعلان جمعہ کو کردیں گے، اسد عمر
اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کورونا کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر نئی بندشوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے بڑے شہر بند کرنا پڑیں گے، کچھ نئی بندشوں کے فیصلے کیے ہیں جن کا اعلان جمعہ کو کردیں گے۔
این سی او سی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13 اور حیدرآباد میں 14 فیصد پر آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر میں اب تک سب سے زیادہ تعداد میں وینٹی لیٹر زیر استعمال ہیں، بڑے شہروں میں صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے،چند روز صورت حال یہی رہی تو بڑے فیصلے کرنا پڑیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ کچھ نئےفیصلےکیےہیں، جمعہ کو اعلان کردیں گے، نئی بندشوں کا آغاز کریں گے، کورونا کی وجہ سے خدا نخواستہ بڑے شہر بند کرنا پڑیں گے، ابھی بڑے شہر بند نہیں کررہے، چند دن کی گنجائش رہ گئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مردان میں کل مثبت کیس کی شرح 33فیصد تھی ، بہاولپور38فیصد تھی، کئی شہروں میں وینٹی لیٹر کااستعمال 80 فیصدسے بھی زیادہ ہوگیا ہے، آکسیجن پر مریضوں کی تعداد4ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار کورونا سے حفاظتی تدابیردیکھنے میں نہیں آرہے ، انتظامیہ کی طرف بھی ایسی کارروائی دیکھنےمیں نہیں آرہی جس کی ضرورت ہے۔اسد عمر نے کہا کہ بڑے شہروں میں کورونا کی شرح میں تشویشناک اضافہ ہو رہاہے ، کورونا کے مثبت کیسز کی وجہ سے اسپتالوں میں دباو بڑھ رہا ہے، کورونا کی روک تھام کیلئے سنجیدگی کی اشد ضرورت ہے ورنہ سخت فیصلےکرناپڑیں گے۔


