چین اور روس کی چاند پر اسٹیشن کی تعمیر کے لئے بین الاقوامی شراکت داروں کو دعوت

نانجنگ(شِنہوا)چین اور روس کے خلائی صنعت کے اداروں نے چاند پر اسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کے لئے دلچسپی رکھنے والے تمام ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور شراکت داروں کو دعوت دی ہے۔یہ اعلان چین کے قومی خلائی انتظامی ادارے (سی این ایس اے)اور اس کے روسی ہم منصب ادارے روسکوسموس نے چین کے مشرقی صوبے جیانگ سو کے شہر نانجنگ میں بین الاقوامی چاند اسٹیشن کے لئے ہونے والی کانفرنس میں کیا۔سی این ایس اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر وو یانہوا نے کہا کہ چین اور روس دوسرے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ چاند پر اسٹیشن تعمیر کریں گے۔ یہ اسٹیشن اقوام متحدہ (یو این) کی خلائی سرگرمیوں کی طویل مدتی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی جانب چین اور روس کی ایک اور اہم شراکت ہوگی۔وو نے مزید کہا کہ سی این ایس اے اور روسکوسموس انسانی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور سماجی و اقتصادی پیش رفت کے لئے اسٹیشن پر وسیع تعاون کو فروغ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں