آئندہ مالی سال کے منصوبوں کی تکمیل سے انقلاب آئیگا،جام کمال خان
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں موجودہ اور آئندہ مالی سال کے منصوبوں کی تکمیل سے انقلاب آئیگا، دو ماہ میں شیخ زید ہسپتال میں بچوں کے شعبہ کینسر میں او پی ڈی کا آغاز کردیا جائیگا کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ عملی طور پر کام کررہاہے اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،یہ بات انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انڈس ہسپتال کے ڈاکٹر باری اور انکی ٹیم نے شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا دو ماہ میں بچوں کے لئے کینسر کے شعبے کی او پی ڈی کا آغاز کردیا جائیگاانہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں رواں اور آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں رکھے منصوبوں کی تکمیل سے انقلاب آئیگا محکمہ صحت میں افرادی قوت کی بہتری،ٹریننگ، استعداد کار بڑھانے، انفراسٹرکچر اور آلات کی فراہمی سے بلوچستان میں صحت عامہ میں بہتری آئیگی انہوں نے واضح کیا کہ کوئٹہ سیف سٹی ٹینڈر اسٹیج پر نہیں بلکہ اس منصوبے نے ایک سال سے کام شروع کردیا ہے کوئٹہ میں سیف سٹی کی فائبر بچھائی جا چکی ہے،انفراسٹرکچر اور ٹاور لگائے جارہے ہیں جبکہ بہت سے مقامات پر کیمروں کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے سیف سٹی کا کمانڈر اینڈکنٹرول سینٹر قائم ہوچکا ہے اور منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں منصوبے کے ٹینڈر درست طریقے سے نہیں کئے گئے تھے موجودہ حکومت نے اس تمام عمل کو ٹھیک کیا اور منصوبے کو شروع کیا گیا


