وفاقی کابینہ میں رد و بدل، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل

اسلام آباد/لاہور۔ وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردو بدل کیا ہے۔ جس کے مطابق خسرو بختیار سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا قلم دان واپس لے لیا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ یہ وزارت فخر امام کو دے دی گئی ہے۔ جہانگیر ترین کو بھی چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔حالیہ دنوں میں گندم اور چینی کے بحران کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آئی تھی جس کے بعد وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں جب کہ کئی اعلیٰ عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔حکومت کے اعلان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔خالد مقبول صدیقی کی جگہ امین الحق کو وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) بنا دیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے خسرو بختیار کو وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور تعینات کیا گیا جب کہ حماد اظہر کو وفاقی وزیر صنعت و پیداوار بنا دیا گیا۔اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات جب کہ بابر اعوان کو مشیر برائے پارلیمانی امور تعینات کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے مشیر شہزاد ارباب کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جب کہ ‏جہانگیر ترین کو بھی چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کے عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ہاشم پوپلزئی کو سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی کے عہدہ سے ہٹا کر ان کی جگہ عمر حمید کو تعینات کیا گیا ہے۔وفاق میں ہونے والی ان تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ پنجاب میں بھی سرکاری سطح پر کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں