مزدوروں کے تعمیری کردار کو یقینا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،جام کمال
کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں محنت کشوں کو بنیادی حقوق کے لیے جرات مندانہ اور قابل تعریف جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں ان کے کردار کے اعتراف کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد مزدوروں کے لئے حق کی آواز بلند کرنا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ مزدور کسی بھی معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔جن ممالک نے صنعت کے میدان میں خاطر خواہ ترقی کی ان کی اس ترقی میں انکے مزدوروں کے تعمیری کردار کو یقینا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں بھی ہنر مند ہیومن ریسورس اور بھرپور افرادی قوت ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ جو مزدور کسی فنی مہارت سے آشنا ہوتے ہیں وہ معاشرے کی تعمیروترقی کا جزو لازم بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کورونا وائرس کی عالمی وبا سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے مزدور طبقہ کو درپیش معاشی مسائل سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہے بلکہ انہیں ریلیف دینے کے لی? بھرپور اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نہ صرف مزدوروں کے حقوق کی موثر ادائیگی میں کوشاں ہے بلکہ محنت کشوں کا استحصال کرنے والوں کو کٹہرے میں بھی لائے گی اور تمام محنت کشوں کے لیے یکساں مواقع اور ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنائے گی رنگ و نسل کو بنیاد بنا کر کسی بھی تفریق کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت تکنیکی تعلیم کی اہمیت سے بھی واقف ہے صوبہ بھر کے پولی ٹیکنیک اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جہاں جدید دنیا کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو اعلی فنی مہارت سے آشنا کر کے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھار نا ہے اسی طرح ہنر مند پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تیکنیکی تربیت دی جا رہی ہے۔ کیونکہ دنیا میں تکنیکی مہارت سے آراستہ افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسی لیبر پالیسی پر یقین رکھتی ہے جس میں تمام مزدوروں اور محنت کشوں کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی ہو سکے وہ تمام لیبر یونین جو مزدوروں کے حقوق اور جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں حکومت ان سے تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعلی بلوچستان نے محنت کشوں کے معیارِ زندگی میں بہتری، رہائش، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کی اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب نے بھی سماجی انصاف اور لوگوں کے حقوق کے احترام پر زور دیا ہے کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں مزدورں کے کردار کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اس لیے محنت کشوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات تک اقتصادی ترقی کے ثمرات پہنچانے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔


