امریکی صدر ٹرمپ کی بھارت کو جوابی کارروائی کی دھمکی
واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی۔ امریکی صدر نے بھارت کو کلوروکوین نہ دینے پر جوابی کارروائی کی دھمکی دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو دھمکی دے دی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے ہائڈروکسی کلوروکوین دوا کی کھیپ امریکہ کو نہ بھیجی تو امریکہ انڈیا کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے انڈیا کی جانب سے کلوروکوین کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے اگلے ہی روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کال کی تھی کیونکہ بھارت کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو ہائڈروکسی کلوروکوین خاصی بڑی تعداد میں بناتے ہیں۔اس کے ساتھ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں اس دوا کو پہلے ہی کووڈ 19 کے خلاف لڑائی میں ’گیم چینجر‘ قرار دے رکھا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے پیر کے روز وائٹ ہاؤس سے بریفنگ میں کہنا تھا کہ انہوں نے مودی سے کہا کہ مجھے خوشی ہو گی اگر آپ اس دوا کی سپلائی ہمیں کریں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر وہ دوا کی سپلائی نہیں کرتے، تو پھر بھی ٹھیک ہے، لیکن ظاہر ہے اس کے بعد جوابی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ بی بی سی نیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے صدر ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی درخواست پر غور کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ اس وقت کورونا کے سب سے زیادہ متاثرین کی تعداد امریکہ میں موجود ہے جس کی وجہ سے امریکی معیشت تنزلی کا شکار ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے اس وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس میں ابھی تک کسی قسم کی کوئی کامیابی سامنے نہیں آئی۔ اس ضمن میں امریکی حکام نے بڑے پیمانے پر کلوروکوین امپورٹ کرنے پر زور دیا ہے۔