کورونا، فنڈز میں اپوزیشن کے حلقوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے، ملک ولی کاکڑ
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے کہاہے کہ ہم انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹروں پر تشدد اور گرفتاریو ں کی مذمت کرتے ہیں،حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے طاقت کاسہارالے رہی ہے،حکومت کوچاہیے کہ وہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی بجائے عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کریں،کوئٹہ شہر کو کرفیو میں تبدیل کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں یہ جمہوری عمل کے خلاف ہے بی این پی اس اقدام کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران دیہاڑی دار طبقے کو فوری طورپر نقدی اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے اپنا کرداراداکریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قوم کو اپنا کردارادا کرناچاہیے مگر صوبائی حکومت میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں اور نہ ہی عوام کو اس بارے میں اصل حقائق سے آگاہ کیاجارہاہے جب دنیا میں کوئی وباء یا آفت پھیلتی ہے تو وہاں کے حکمران لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور مزدور طبقے کیلئے اشیائے خوردونوش وضروریہ کابندوبست کرتی ہے مگر یہاں 20دن گزر جانے کے باوجود بلوچستان حکومت کی جانب سے اب تک عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ تمام ضلعی آفیسران کو فنڈز سیاسی بنیادوں پردئیے گئے ہیں جبکہ اپوزیشن حلقوں کو نظرانداز کیاجارہاہے اگر حکومت نے اس حوالے سے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا تو بلوچستان نیشنل پارٹی سخت اقدام اٹھانے پرمجبور ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔انہوں نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں کے پرامن احتجاج پرتشدد اورگرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان حکومت نے ڈاکٹروں کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ انتہائی شرمناک ہے حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ موجودہ گھمبیر صورتحال سے نمٹنے کیلئے جمہوری طرز عمل اپناتے ہوئے کوئٹہ شہر کو غیر جمہوری طریقے سے بند کرنے کے اقدامات انتہائی قابل مذمت ہے۔