موجودہ حکومت کو کسی بھی صورت عوامی حکومت تسلیم نہیں کرے گی،مولانا عبدالواسع
کوئٹہ:جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علما ء اسلام موجودہ حکومت کو کسی بھی صورت عوامی حکومت تسلیم نہیں کریں گی،سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جو جھوٹے دعوے کیے تاہم ان میں سے ایک بھی وعدے کو عملی جامہ نہیں پہنایا، سلیکٹڈ حکمران مہنگائی کی سونامی کے تباہی کا شکار عوام کے سامنے سرنڈر کرکے جھوٹے دعوے کرنے پر عوام سے معافی مانگیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جلد ہی حکومت کیخلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی، پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس اس ماہ کے آخرمیں ہوگا جس میں آئندہ کیلئے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیاگیا ہے جنہوں نے ملک کے تمام شعبوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ان نااہل حکمرانوں نے انتخابات سے قبل جھوٹے دعو ے کیے تھے کہ احتسابی عمل کو صاف و شفاف بنایا جائے گا اور کرپشن کو ختم کریں گے مگربدقسمتی سے موجودہ دور حکومت میں جتنی کرپشن ہوئی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی گزشتہ تین سالوں کے دوران ملک انتہائی بحرانوں کا شکار رہا چینی بحران آٹا بحران اور گیس و پیٹرولیم بحران اسی دور حکومت میں ہوئے ہیں مگر اس کے باوجود سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام سے متعلق اچھے فیصلے نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان جس طرح مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کرکے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کی کوشش کررہے ہیں یہ ان کی نااہلی ہے مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام اب ان سلیکٹڈ حکمرانوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور جس وزیراعظم نے مرغریوں انڈوں کی مارکیٹنگ سے ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی وہ کبھی بھی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتے اب بھی وقت ہے کہ سلیکٹڈ حکمران مستعفی ہو کر اپنی نااہلیوں پر عوام سے معافی مانگیں۔


