منصوبوں کی بر وقت تکمیل کیلئے مختلف جزیات کے پی سی ون بنائے جائیں، جام کمال

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 22-2021 بجٹ کے لیے مختلف محکموں کی مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے کانسیپٹ پیپرز کی منظوری پر پیشرفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء میر اسداللہ بلوچ، میر عارف جان محمد حسنی، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ اور پارلیمانی سیکرٹری ماہ جبین شیران سمیت متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں بلڈنگ، سماجی بہبود، سپورٹس اور محکمہ ترقی نسواں کی ترقیاتی منصوبوں کے کانسیپٹ پیپرز کی منظوری پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو محکمہ بلڈنگ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ اضلاع میں بڑے اور ٹاؤنز کی سطح پر میڈیم سائز ضلعی کمپلیکسز کی تعمیر کے منصوبے اگلے مالی سال کے لیے تجویز کیے گئے ہیں جبکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں سیٹلمنٹ آفیسران کے لئے دفاتر اور رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے منصوبہ تجویز کیا گیا ہے۔ اسی طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بلڈنگوں کی تعمیر کے منصوبے بھی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تجویز کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی او آرز کی طرز پر اضلاع میں رہائشی کالونی کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ وزیراعلی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کچھ بلڈنگز ہر ضلعے کی ضرورت ہے جس میں تمام بنیادی ضروریات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔کیونکہ امور کی بہتر انجام دہی کے لیے بلڈنگوں اور دفاتر کا ہونا نا گزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لینڈ ریکارڈ کی حفاظت کے لیے نئے محافظ خانے بنائے جائیں اور اس مقصد کیلئے ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جائے۔ محکمہ کھیل کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے کے گنجان آباد اضلاع میں 12 منی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تجویز کیا گیا ہے۔جبکہ صوبے کے خوبصورت مقامات پر گوادر کی طرز پر کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ وزیراعلی نے اس موقع پر کہا کہ منی سپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کا منصوبہ آئیڈیل ہے۔انہوں نے محکمہ کھیل کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے محکمہ کی ایک اپنی تکنیکی ٹیم اور انجینئرنگ ونگ کے قیام کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انجینئرنگ ونگ کے قیام سے متعلق سمری ارسال کی جائے اور منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لیے منصوبوں کے مختلف جزیات کے الگ الگ پی سی ون بنائے جائیں۔ اس موقع پر محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ کی 11 اسکیمات کے کانسیپٹ پیپرز تیار کیے گئے ہیں جن میں سے 03 اسکیمات پی ڈی ڈبلیو پی کی ہیں۔وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے 05 نئے ترقیاتی منصوبوں کے کانسیپٹ پیپرز کی منظوری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اگلے سال ہنر مند پروگرام فیز ٹو شروع کیا جائے گا۔اسی طرح نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں وومن سینٹر اور اکیڈمی کا منصوبہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے گرلز کالجز میں ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر ایریاز کی ترقی کیلئے بھی منصوبے مرتب کئے جائیں۔وزیراعلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کی سماجی و معاشی بہتری اور ترقی کے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں