بجٹ عوام دوست ہوگا،وزیراعلیٰ

کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی وفد نے یہاں وزیراعلی ہاؤس میں جمعہ کے روز ملاقات کی۔وفد میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر و رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی، صوبائی وزیر انجنئیر زمرک خان اچکزئی اور صوبائی مشیر ملک نعیم خان بازئی شامل تھے۔ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بجٹ 22-2021 سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا۔ عوام کی خوشحالی اور صوبے کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے موثر اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کے لیے تمام محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے کانسپٹ پیپرز کی تیاری اور ان پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی، پارلیمانی سیکرٹری میر سکندر عمرانی، اراکین اسمبلی نوابزادہ گہرام بگٹی، خلیل جارج، محترمہ لیلہ ترین اور بی اے پی کے رہنماء سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمٰن محمد حسنی اور میر نوید کلمتی نے بھی ملاقاتیں کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں