ویکسین ہی پولیو سے بچاؤ کا ذریعہ ہے، ربابہ بلیدی
کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ آج بروز پیر سے بلوچستان بھر میں شروع ہونے والی پولیو مہم میں والدین پوری ذمہ داری سے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائیں۔ انسداد پولیو مہم سے متعلق اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا پاکستان میں کمیونٹی سطح پر عدم تعاون کے باعث ابتک یہ مرض موجود ہے، علما کرام دینی نقطہ نظر سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے پولیو مہم کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو مہم میں والدین ساتھ دیں۔ پولیو پر معمور ٹیمیں رفیوزل علاقوں میں انتظامیہ کی مدد حاصل کرکے اہداف کے حصول کے لئے بھرپور کوششیں کریں۔ ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ انتظامی افسران معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر پولیو ٹیمیوں سے مکمل تعاون کریں، قومی مفاد عامہ میں انسداد پولیو قطرے پلانے کا فیصلہ آپشنل نہیں ضروری ہے ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، کسی بھی علاقے میں انتظامی افسران کے عدم تعاون کی رپورٹ فوری طور پر ڈی ایچ او کے ذریعے وزارت صحت بلوچستان تک پہنچائی جائے،انہوں نے ضلعی آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں پولیو ٹیمیوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، پولیو مہم کی قومی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی سے نبھانے کے لئے تمام حکومتی مشینری اور عوام کو تعاون کرنا ہوگا۔


