پیپلز پارٹی اور جمعیت پھر آمنے سامنے

اسلام آباد :پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں دراڑوں کی ذمہ دار پیپلزپارٹی نہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کا رویہ پی ڈی ایم میں دراڑوں کا باعث بنا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی آج بھی اے پی سی میں طے کئے گئے نکات پر قائم ہے، مولانا فضل الرحمان تو دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات کے بعد حلف نہ لینے کا مشورہ دیتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہی پارلیمنٹ کا فورم نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا اور آج اسکا مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں، مسلم لیگ ن اور مولانا فضل الرحمان مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے بجٹ کو ناکام بنانے کے لئے شہباز شریف کو بھرپور سپورٹ کی پیشکش کی ہے، بطور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ذمہ داری ہے کہ وہ بجٹ کو ناکام بنانے کے لئے حکمت عملی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پہلے عوام کی روٹی، پھر چینی اور اب کرونا فنڈ میں 1200 ارب بھی پیسے کھا لئے،کرونا فنڈ میں چوری اور کرپشن ی وجہ سے کرونا ویکسین نہیں منگوائی جا سکی اور لوگ جان سے گئے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب بڑی کامیابی سے آٹا، چینی دوائی، ایل این جی اور رنگ روڈ کی طرح ڈاکہ ڈل گیا اب کمیشن بناے کا وقت ہے۔ نیئر بخاری نے کہاکہ عمران صاحب آڈیٹر جنرل پاکستان 1200 ارب کے کورونا ریلیف پیکج میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ پبلک کریں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو کورونا ویکسین کیسے ملتی، بروقت بکنگ کیسے ہوتی؟کیونکہ 1200 ارب میں تو ”سہولت کاری“ جاری تھی،ورلڈبینک، عالمی مالیاتی فنڈ، ایشیائی بینک، یورپ سے ملنے والے اربوں روپے کہاں گئے؟،عمران صاحب ساری دنیا سے مانگ کر بھی آپ نے قوم کو کچھ نہیں دیا؟ یہ پیسہ کہاں گیا؟ کس پر خرچ ہوا؟دریں اثناء پی پی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کے بیان پر مرکزی ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہاہے کہ اپوزیشن پر تنقید کرکے پی پی اور پی ٹی آئی کے ترجمانوں میں کوئی فرق نہیں رہا۔ ایک بیان میں اسلم غوری نے کہاکہ پی پی کے ترجمان اب پی ٹی آئی کے ترجمانوں والے ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔مرکزی ترجمان نے کہاکہ جو کام مراد سعید اور فواد چودھری کے لیول کا تھا،نئیر بخاری جیسا سینئر سیاستدان اس لیول پر آگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں