فلپائنی فوجیوں کی فائرنگ سے 4مشتبہ افراد ہلاک
منیلا:فلپائن کی سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز فلپا ئن کے جنوبی صوبہ سولو میں طلوع آفتاب سے قبل فائرنگ کے تبادلے میں 4 مشتبہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ مغربی میندانا کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کورلیٹو ونلوان نے بتایا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ مقامی وقت کے مطابق تقریبا 2 بجے صبح اس وقت ہوا جب فوجیوں اور پولیس کی ایک ٹیم نے جولو قصبے میں مشتبہ افراد کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ونلوان نے ایک بیان میں کہا کہ چھاپہ مارنے والے فوجیوں کی موجودگی کا احساس ہوتے ہی مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں سرکاری فورسز جوابی کارروائی پر مجبور ہو گئیں۔ونلوان نے بتایا کہ چاروں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، مزید بتایا کہ فوجیوں نے ایم 653 کاربین، 0.45 کیلیبر کا پستول اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے اجزا بھی برآمد کیے ہیں۔ونلوان نے کہا کہ ابوسیاف گروہ سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد مبینہ طور پر ملائیشیا اور میندانا علاقے میں غیر ملکی اور فلپائنی متاثرین کے اغوا اور قتل کے سلسلے میں ملوث تھے۔


