نیب کا اعجاز جکھرانی، فرزند رافع جکھرانی سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ
جیکب آباد :جیکب آباد میں صوبائی مشیر کے گھر پر نیب ٹیم پر حملے اور تشدد کا معاملہ،نیب کا اعجاز جکھرانی، فرزند رافع جکھرانی سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے جیکب آباد ڈسٹرکٹ پولیس سے رابطہ، نیب حکام کے آنے کا انتظار ہے جس کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا:ایس ایچ او سول لائین تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی کے بنگلے پر نیب ٹیم پر حملے اور تشدد کے واقع کے بعد نیب سکھر کے حکام نے اعجاز جکھرانی، رافع جکھرانی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے ضلع پولیس سے رابطہ کر لیا ہے نیب کے انسپکٹر عبدالرزاق سروہی نے اعجاز جکھرانی سمیت حملہ آوروں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرنے کیلئے تحریری وقوعہ رپورٹ جمع کرادی ہے نیب رپورٹ کی کاپی میڈیا نے حاصل کر لی ہے رپورٹ کے متن کے مطابق نیب ٹیم 28 جون شام سوا 7 بجے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شہزاد کی سربراہی میں گرفتاری کیلئے اعجاز جکھرانی کی رہائش گاہ پہنچی، جہاں مجیب الرحمن جکھرانی نے ہمیں اوطاق میں بیٹھا کر کہا، اعجاز جکھرانی اندر موجود ہیں بلا کر لاتا ہوں، اعجاز جکھرانی کے فرزند رافع جکھرانی نے ساتھیوں کے ساتھ اوطاق میں آکر ہمیں یرغمال بناکر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، رافع جکھرانی نے سازش کے اوطاق کے باہر دو ہزار قبیلے کے افراد کو جمع کیا اور ملزم اعجاز جکھرانی کو فرار کرادیا، اعجاز جکھرانی کے اکسانے پر رافع جکھرانی نے ہجوم کے ساتھ مل کر نیب ٹیم پر فائرنگ کی تشدد کیا، پتھراؤ کرکے گاڑیوں کے شیشے توڑے، واقعے کے دوران نیب ٹیم کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی رہیں، کارسرکار میں مداخلت کرتے ہوئے رافع جکھرانی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر افسران پر تشدد کیا، دھمکیاں دی اور ملزم کو فرار کرادیا، نقصان شدہ سرکاری گاڑیوں کی تصاویر اور موقع پر موجود ہجوم کی تصاویر بھی موجود ہیں، یاد رہے کہ نیب کی ٹیم آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں نامزد پی پی رہنما اعجاز جکھرانی کو گرفتار کرنے جیکب آباد ان کی رہائش گاہ پہنچی تھی، نیب ٹیم پر پی پی جیالوں کی جانب سے تشدد اور پتھراؤ کیا گیا تھا، نیب ٹیم نے موقع سے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں تھیں چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے آج واقعے کا نوٹس لیکر ڈی جی نیب سکھر سے رپورٹ طلب کی تھی، دوسری جانب اس سلسلے میں ایس ایس پی کے ترجمان نے رابطے پر بتایا کہ ایس ایچ او سول لائین اعجاز کھوسو کو نیب ٹیم کی آمدکی انٹر ی کی ٓگاہی نہ دینے پر معطل کیا گیا ہے اور نیب کی درخواست ایس ایچ او سول لائین شریف مہر کو دستخط کرکے مزید کاروائی کے لئے بھیج دی گئی ہے ایس او ایچ او سول لائین شریف مہر نے بتایا کہ نیب کی درخواست ملی ہے حکام کے آنے کا انتظار ہے جس کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا بصورت دیگر سرکاری مدعیت میں کیس کا اندراج کیا جائے گا۔


