ایرانی حکام نے مزید 233پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرکے تفتان انتظامیہ کے حوالے کر دیا
تفتان:ایرانی حکام نے 233پاکستانی شہریوں کو تفتان بارڈر پر لیویز حکام کے حوالے کردیا جنہیں ایران کے مختلف شہروں سے گرفتارکیا گیا ہے اور انہیں مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام نے مختلف شہروں سے 233پاکستانی تارکین وطن کو گرفتار کرکے پاک ایران تفتان سرحد پر لیویز حکام کے حوالے کردیا گرفتار افراد میں سے 198کا تعلق پنجاب، 25کا خیبر پختونخواہ، 2کا تعلق بلوچستان اور 8 افراد کا افراد کا تعلق آزاد کشمیر سے ہیں جبکہ 17افراد کو مستند پاکستانی شناختی دستاویزات نہ ہونے کے باعث ایران واپس کردیا گیا۔ لیویز زرائع کے مطابق گرفتار افراد ایران کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے جنہیں ایران میں گرفتار کیا گیا ہے۔ زیر حراست افراد کو محکمہ صحت کے اہلکاروں نے تفتان سرحد پر اسکریننگ کی بعد ازاں انہیں مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔


