دھاندلی اور بلیک میلنگ پر قائم حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی، مولانا واسع
کوئٹہ:دھاندلی اور بلیک میلنگ پر قائم حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی احتساب کے نام پر قوم کا وقت ضائع کیا گیا ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دوسال احتساب کے نام پر قوم کے ساتھ بدترین مذاق کیا گیا اور ہمیں معلوم تھا کہ مختلف پارٹیوں کے لوگ اور آزاد ارکان کو جہانگیر ترین نے خرید کر کمزور اور بلیک میل تنکوں کے سہارے پر حکومت قائم کی اس لئیے اس میں برکت نہیں ہوئی اور ہر موڑ پر ناکام ثابت ہوئے قوم کو مشکلات تنگدستی مہنگائی اور بے روزگاری کے تحفوں کے سوا کچھ نہ دے سکیں انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی پر اربوں روپے کی کرپشن اور فارن فنڈنگ کیس پر کیوں خاموش ہیں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ یہ لوگ میڈیا اور ٹیوٹر پر لڑرہے ہیں ڈاکٹرز حفاظتی کٹس کے حصول کے لئے سراپا احتجاج ہیں انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں جمعیت علما اسلام کے کارکنوں کی قوم کی خدمت وطن سے محبت کی اعلی مثال ہے ہر دور میں ہماری حب الوطنی پر بات کرنے اور آرٹیکل 6 کے نام پر بلیک میلنگ کی سیاست کرنے والے ہماری روشن اور قربانیوں سے بھری تاریخ کا سامنا نہیں کرسکتے ہمارے غریب کارکن اپنی جیب سے قوم کی خدمت میں لگا ہے جبکہ تبدیلی کے نام پر نوجوانوں کی امیدوں کی قاتل جماعت اپنے کارکنوں کو ٹائیگر فورس کے نام پر پیسے دے کر ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے کارکن مشکل کی اس گھڑی میں غریب عوام کی مدد کرنا ہمارا اسلامی اور اخلاقی فریضہ سمجھتے ہوئے خندہ پیشانی سے انتظامیہ کے شانہ بشانہ ملک وقوم کی خدمت میں مصروف ہیں جس پر بجا طور پر فخر کیا جاسکتا ہے یہ سب اکابرین کی تربیت کا نتیجہ ہے اگر خدانخواستہ ملک پر کوئی برا وقت آیا تو جمعیت علما اسلام کے کارکن ہی وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کی جنگ لڑیں گے جیساکہ آج کروناوائرس کے خلاف پورے ملک میں ہمارے کارکن برسرپیکار ہیں انہوں نے کہا کہ یہ وباء صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں آئی ہے بیدار اور غیرت مند اقوام اس قسم کے حالات کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کرتی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے عوام میں شعور وآگہی مہم کے سلسلے میں کوئی کمی نہیں کی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کادورہ نمائشی ہے ان کی کاکردگی سے قوم بری طرح مایوس ہوچکی ہے روز اول سے کابینہ کی اکھاڑ پیچھاڑ سے بہتری نہیں آسکتی جب تک تمام جمہوری پارٹیوں کی مشاورت اور تعاون کے ساتھ ایک وژن اور پیج پر نہ ہوں صوبائی امیر نے آئمہ وخطبا کو نوٹس دئیے جانے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ موجودہ صورتحال میں مذہبی حلقوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔