ملکی قرضے 37 ہزار 997ارب کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

کراچی:وفاقی حکومت کے قرضوں کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے،قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 37 ہزار 997ارب 70کروڑ روپے پر پہنچ گئے۔ موجودہ حکومت کے ابتدائی33ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں 13ہزار 265ارب 80 کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق مئی 2021 تک وفاقی حکومت کے قرضے ریکارڈ 37ہزار 997ارب 70کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ صرف مئی کے مہینے میں قرضوں میں 919 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس میں اندرونی قرضہ 720 ارب روپے اور غیر ملکی قرضہ 199 ارب روپے بڑھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی ملکی قرضے 26 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ غیر ملکی قرضے 11 ہزار 931 ارب 90 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق موجودہ دور حکومت میں اندرونی قرضے میں 9 ہزار 275 ارب روپے اور بیرونی قرضے میں 3 ہزار 990 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ دستاویز کے مطابق اگست 2018 میں وفاقی حکومت کے مجموعی قرضے 24 ہزار 732 ارب روپے تھے جس میں بیرونی قرضے 7 ہزار 942 ارب روپے اور اندرونی قرضے 16 ہزار 790 ارب روپے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں