حکومت کا حالیہ قیمتوں میں اضافے کا اقدام عوام دشمنی کے مترادف ہے، ہاشم نوتیزئی

دالبندین: بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ایم این اے میر محمدہاشم نوتیزئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا حالیہ اقدام عوام دشمنی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے فلور پر بجٹ سیشن کے دوران ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام پر 12 سے 14 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنے کے متعلق آواز بلند کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور مہنگائی کے حالیہ لہر نے غریب عوام کو نان شبینہ کے محتاج کر دیا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہائے روز اضافے سے عوام سراپا احتجاج بن چکے ہیں بلوچستان نیشنل پارٹی مہنگائی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی کیونکہ بی این پی کا تعلق عوام سے ہے اور عوام کے جائز حق اور حقوق کے لئے بی این پی جدوجہد کو اپنی اولین فرض سمجھتی ہے انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر فی الفور نظرثانی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر دئیے جائیں تاکہ غریب عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں