عید کا یہ پرمسرت موقع مسلمانوں میں قربانی،انصاف، رواداری،مساوات اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے، جام کمال

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پوری امت مسلمہ اور اہل ِ وطن کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جہاں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہیں وہیں عید کا یہ پر مسرت موقع مسلمانوں میں قربانی،انصاف، رواداری،مساوات،تحمل مزاجی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع دراصل ایک عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے اور اس امر کا متقاضی ہے کہ انسانیت کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لئے صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کا جذبہ ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر اور تشکیل میں قربانی، صبر اور استقامت ان کے عروج اور ترقی کا ضامن بنتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ خوشیوں کے اس تہوار میں غرباء، مساکین اور معاشرے کے نادار افراد کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ انہیں بھی اس تہوار پر خوشیاں میسر ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کا آغاز ہوچکا ہے۔ وائرس کی ڈیلٹا ویرئنٹ قسم بہت ہی خطرناک اور جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے لہذا عوام عیدالاضحی پر حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال لازمی کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک، صوبے اور عوام کو ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھے اور ہمیں کورونا وائرس سمیت ہر قسم کی پریشانیوں سے محفوظ رکھے۔ وزیراعلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کی عبادات میں ملک اور صوبے میں امن واستحکام اور ترقی کی خصوصی دعائیں مانگیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں