جیکب آباد، ٹھل میں 4 مسجدوں سے چوری کی اطلاعات
جیکب آباد: جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال خراب، ٹھل میں 4 مسجدوں سے چوری کی وارداتیں، چور مسجدوں کی بیٹریاں اٹھا کر لے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں امن امان کی صورتحال خراب ہوگئی ہے آئے روز چوری، ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں جس کی وجہ سے شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں، جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود میں واقع گاؤں مقدم غلام رسول، گاؤں گلاب بنگلانی، گاؤں حاجی حمزہ اور گاؤں عبدالغفور بنگلانی سے نامعلوم چور 4 مختلف مساجد سے سولر پینل کی بیٹریاں چوری کرکے لے گئے، ٹھل میں 4 مساجد سے چوری کی واردات پر علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، مساجد سے چوری کی وارداتیں افسوسناک ہیں، انہوں نے کہا کہ بیٹریاں چوری ہونے کی وجہ سے مساجد میں نمازیوں کو گرمی کی وجہ سے شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ اذان دینے میں بھی تکلیف ہورہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوری کی وارداتوں کو روک کر مساجد سے چوری ہونے والا سامان برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔


