عمران خان اے پی ایس کے ذمہ داروں کو این آر او دے رہے ہیں، رانا ثناء اللہ
لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اے پی ایس کے ذمہ داروں کو این آر او دے رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کا حال یہ ہے کہ ڈالر 172 روپے پر بھی نہیں رک رہا، بیرون ملک سے مہنگی گندم درآمد کی جارہی ہے، چینی 115 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے۔افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان پر بھی پابندیاں لگانے کا سوچا جا رہا ہے، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار نہیں، اپوزیشن سے بات کرنا توہین سمجھا جاتا ہے، عوام کٹھ پتلی کو فارغ کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عوام ہمارا ساتھ دیکر کٹھ پتلی کا خاتمہ کریں۔سلیکٹڈ ٹولے نے سیاسی رواداری ختم کر دی۔وزیر اعظم عمران خان کے ٹی ٹی پی سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مفاہمت کی بات کررہے ہیں۔ لیکن وہ خان اپوزیشن کیساتھ بات چیت نہیں کرناچاہتے اور اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ جن طالبان نے اے پی ایس کے بچوں کو شہید کیا انہیں این آر او دینے کی بات کررہا ہے، وزرا کو ایسی باتیں کرتے ہوئے شرم نہیں آتی۔اس کٹھ پتلی حکومت کو فارغ کرنے کیلئے عوام کو اپوزیشن کا ساتھ دینا چاہئیے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہتھیارڈالے تو انہیں معاف کردیں گے۔ انہیں غیر مسلح کرنے کے لیے مذاکرات ہوئے ہیں، افغان طالبان مصالحت کار ہیں۔ وزیراعظم عمرا ن خا ن نے ترک ٹی وی کوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے گروپس کے ساتھ افغانستان میں مذاکرات ہورہے ہیں، مذاکرات میں افغان طالبان ثالث کا کردار اداکررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر اپوزیشن نے تحفظات کا اظہار کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر پارلیمانی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔


