بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی
کوئٹہ:بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز 3 اضلاع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔گزشتہ روز کورونا وائرس کے ٹیسٹ 34 میں سے صرف 5 اضلاع میں کیئے گئے، 29 اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا۔گزشتہ روز صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 5 اعشاریہ 1 فیصد رہی، 2 روز قبل یہ شرح 7 اعشاریہ 2 فیصد تھی۔کوئٹہ میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 2 روز قبل کوئٹہ میں کورونا کے پھیلاؤکی شرح 6 اعشاریہ 1 فیصد تھی۔گزشتہ روز بلوچستان کے 5 اضلاع میں کورونا کے 822 ٹیسٹ کیئے گئے، ان میں 13 میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔مستونگ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 8 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ کوئٹہ میں 4 اور لورالائی میں کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہوا۔محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 154 ہے۔


