وزیراعظم عمران خان کی زندگی پر بنی دستاویزی فلم کی پہلی قسط ریلیز
کراچی: گلوکار و فلم ساز سلمان احمد نے وزیر اعظم عمران خان کی 69 ویں سالگرہ پر گورنر ہاس سندھ میں منعقدہ تقریب میں ان کی زندگی پر بنائے جانے والی دستاویزی فلم اسپریچوئل ڈیموکریسی کی پہلی قسط کا ورلڈ پریمیئر پیش کردیا۔جنون میوزیکل بینڈ گروپ سے شہرت حاصل کرنے والے سلمان احمد نے کہا کہ یہ فلم ان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور 2020 کے اوائل میں نیویارک میں موت کو قریب سے دیکھنے کا نتیجہ ہے۔انہوں نے دعا کی تھی کہ اگر وہ زندہ رہے تو کچھ مثبت کریں گے۔سلمان احمد نے کہا کہ اور مجھے جلد ہی جنوبی ایشیا کے لیے کورونا وائرس سفیر بنایا گیا تھا، اس دوران کام کرتے ہوئے میں نے دیکھا کہ کس طرح حکومت پاکستان نے اپنے مختلف پروگرامز کے ذریعے غریبوں کی مدد کرکے عالمی وبا کا مقابلہ کیا۔سلمان احمد نے کہا کہ یہ سب ایک وژن کو لے کر چلنے والے ہمارے رہنما کی وجہ سے ہوا لہذا میں نے وبا کے خلاف ہمارے ملک کے اقدامات کو دیکھنے کے بعد وزیراعظم سے انٹرویو کی اجازت طلب کی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تفصیلی انٹرویو ہوا کہ اس 4 حصوں یا اقساط میں تقسیم کرنا پڑا۔دستاویزی فلم کا پہلا حصہ دیکھنے والوں کو ماضی کی یاد دلاتا ہے، جس میں وزیر اعظم کو شکار پر جاتے، کرکٹ کھیلتے، 1992 ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے اور 2014 میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے دھرنے کے دوران کی گئی تقریروں کی پرانی ویڈیو کلپس شامل ہیں۔


