عمران خان نے فوج کے پورے ادارے پر خودکش حملہ کیا ہے، مریم نواز

فیصل آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ہفتہ کو دھوبی گھاٹ کے تاریخی جلسہ گاہ میں عوام کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پر تابڑ توڑ حملے کئے اور ان پر نا اہلی، کرپشن، معیشت اور ملک کی تباہی کے سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں تقرر و تبادلوں کو روک کر عمران خان نے فوج کے پورے ادارے پر خودکش حملہ کیا۔ یہ سب کچھ عمران خان ایک شخص کو کرسی پر رکھنے کیلئے کررہے ہیں۔ انہوں نے مذکورہ شخص پر بھی متعدد الزامات عائد کئے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ قطعاًنوازشریف بننے کی کوشش نہ کریں کیونکہ گیدڑ شیر کی کھال پہننے سے شیر نہیں بن جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تین سالہ اپنی وزارت عظمیٰ سویلین بالا دستی کیلئے قربان کردی۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کیلئے اسٹینڈ لیا۔ انہوں نے نا صرف وزارت عظمیٰ گنوائی بلکہ اٹک قلعہ کی صعوبتیں برداشت کرلیں جھوٹے مقدمات اور جھوٹے فیصلوں کا سامنا کیا اور انتقام کا نشانہ بنے لیکن انہوں نے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک شخص کی خاطر پورے ملک اور فوج کے ادارے کو داؤ پر لگا رکھا ہے کیونکہ وہ شخص ان کا مائی باپ ہے جس نے عدلیہ کا چہرہ داغدارکیا جو چینلوں کو بند اور صحافیوں کو اغوا کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص جو تمہاری کرسی بچاتا ہے جو تمہاری حکومت چلارہا ہے اور فیصلے بدلنے کے لئے ججوں پر دباؤ ڈالتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے۔ انکی حکومت کا جانا نوشتہ دیوار ہے آج گئی یا کل گئی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ تیار ہوجاؤ حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ساری دنیا میں افواج کو تماشا بنادیا ہے اور انکا ارادہ ہے کہ وہ ایسے شخص کا انتخاب کریں گے جو ان سے وفاداری کا عہد کرے اور ان کے کہنے پر مخالفین کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چوروں کے سردار ہیں کیسے ممکن ہے کہ چوروں کا سردار ایماندار ہو۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی اور ایل این جی ہتھکنڈوں سے بچنے کے لئے عمران خان نے نیب کا پورا قانون تبدیل کردیا ہے لیکن انہوں نے اربوں روپے کے جو ڈاکے ڈالے ہیں ان کا حساب دینا پڑیگا۔ عوام ان کا ایسا احتساب کریں گے کہ دنیا دیکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ گرادیئے ہیں۔ عوام رل گئے ہیں اور وہ نوازشریف اور شہباز شریف کو آوازیں دے کر پکار رہے ہیں۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ غیر ملکی تحائف چھپانے والے قوم کے چہرے پر بد نما داغ ہیں، انہیں دھونے کیلئے سڑکوں پر آنا ہوگا۔فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام ف کا کہنا تھا کہ احتساب کا ڈرامہ اب ختم ہوچکا ہے، پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم صرف اقتدارحاصل کرنے کے لیے نہیں بنایا گیا،اب پی ڈی ایم نے تمہارا احتساب شروع کر کے کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ ہم پاکستان کوانصاف کا گہوارا بنائیں گے۔ ہم اداروں کے دشمن نہیں، مستحکم اورطاقت وردیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین نے ہرادارے کا دائرہ کارمتعین کیا ہے، ہرایک کواپنے دائرے میں رہ کرذمہ داری ادا کرنا ہوگی، پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ اوربااختیارادارہ ہے، آج ملکی معیشت کوتباہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ سترسال سے دوستی ہے، بیجنگ کے ساتھ دوستی کو شہد سے زیادہ میٹھی سمجھتے ہیں، دوست ملک نے پاکستان میں 70ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کی، عمران خان نے چین کوبھی ناراض کردیا ہے۔ چین دنیا کی ایک متبادل اقتصادی قوت بننے جارہا ہے، پاکستان پردباؤبڑھ گیا ہے، آج کا حکمران چین کی اقتصادی قوت کو توڑنے کا ایجنڈا لیکر آیا ہے، اگرمعیشت گر جائے تو پھر ریاست اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔ افغان جہاد نے سوویت یونین کوزمین بوس کردیا تھا، ایک بارپھردنیا میں معیشت کی جنگ شروع ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت بھارت کے ترازو میں بیٹھا ہوا ہے، بھارت نے کشمیرچھین لیا اورتم کشمیرفروش ہو، تم اپنی قوم سے غداری کر رہے ہو، کس بنیاد پر تمہیں قوم کا نمائندہ کہا جائے، تم کب تک فلانا چور، چور کہتے رہو گے، منفی نعرے کی بنیاد پرتم سیاست کر رہے ہو، تم نے مجھ پربھی الزامات لگائے تھے، تمہیں اندازہ ہوگیا تھا تمہارے لیے میرا ایک مکا ہی کافی ہے۔پی ڈی ایم سربراہ، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پرقیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ غریب عوام پرمہنگائی کے پہاڑتوڑدیئے ہیں۔ ایک کروڑنوکریوں کا نعرہ لگاکرقوم کو بیوقوف بنایا گیا، نوکریاں دینے کے بجائے تیس لاکھ ملازمین کوفارغ کردیا گیا۔ اب صرف جلسے نہیں مسلسل سڑکوں پرآنا ہوگا، اگرقوم مایوس ہوگئی توپھرپاکستان کا مستقبل خون خرابے کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا، قوم میدان میں آئے تنہا نہیں چھوڑیں گے۔عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم نے تمام سیاست دانوں کو چور کہا منہ کی کھائی، تم نے توتحفے کی گھڑیاں بھی بیچ دی ہے، ایسا لالچی پہلے کبھی نہیں دیکھا، گھڑی بیچنے والے کو شرم نہیں آتی، یہ قوم کے چہرے پربدنما داغ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں