پولیو ایک حساس مسئلہ ہے جو حکومت کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے، جام کمال
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے عالمی یوم پولیو کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پولیو ایک حساس مسئلہ ہے جو حکومت کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ پولیو سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو کے تدارک کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا موذی مرض بچوں میں عمر بھر کی معذوری کا باعث بنتا ہے جس کے باعث بچوں کی جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو صحت مند اور محفوظ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ عوام میں پولیو کے حوالے سے بھرپور شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے اس حوالے سے علما ئے کرام، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی اور میڈیا کا بھی کلیدی کردار ہے جنہیں آگے بڑھ کر اپنا یہ مثبت کردار سماجی ذمہ داری کے طور پر ادا کرنا چاہئے۔ انہں نے کہاکہ صحت عامہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے خاص طورسے بچوں کو پولیو سمیت دیگر امراض سے محفوظ رکھنے کے لئے جاری عمودی پروگراموں کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔ پولیو وائرس کے موثر تدارک سے ہی ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور محفوظ مستقبل دے سکتے ہیں۔


