صحافی کے قتل میں ملوث اصل ملزم کوبچانے کیلئے سازش کے تحت واقعہ کی غلط تفتیش کی گئی، لشکری رئیسانی

کوئٹہ :بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں حکومتی اداروں کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی کے قتل میں ملوث اصل ملزم کوبچانے کیلئے سازش کے تحت واقعہ کی غلط تفتیش کی گئی۔ پولیس کی غلط تفتیش کی بنیاد پر واقعہ میں ملوث سہولت کار کو رہا کیا گیا،اپنے بیان میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کی تحقیقات سے متعلق حکومتی اداروں کا رویہ قابل مذمت ہے چھ ماہ گزرنے کے باوجود قاتل آزاد ہیں اورسہولت کار کو بھی پولیس کی سازش کی بنیاد پر ہونے والی غلط تفتیش پر رہا کیا گیا جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ قاتل سرکاری سرپرستی میں عرصے سے صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں میں اگر کوئی باضمیر با کردار شخص موجود ہے توواحد رئیسانی کے قتل کی آزاد تحقیقات کرائی جائے واقعہ کی آزادانہ تحقیقات سے عبدالواحد رئیسانی سمیت کئی بے گناہ او رگمنام مقتولوں کا قاتل سامنے آجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ باقاعدہ سازش کی بنیاد پر غلط تفتیش کی گئی تاکہ اصل قاتل کوبچایا جائے جس کے پاس کئی راز ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بااختیار ادارے عبدالواحد رئیسانی کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے ان سے تفتیش کریں باقی مقتول صحافیوں کے قتل سے متعلق بھی بہت سے انکشافات سامنے آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں