بلوچستان کے اراکین پارلیمنٹ مشترکہ حکمت عملی بنائیں، قدوس بزنجو
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان بھر میں ہیلتھ کارڈ کے جلد از جلد اجراء کی ہدایت کرتے ہوئے اس ضمن میں محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی پالیسی سے متعلق تمام متعلقہ امور کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔وزیراعلیٰ کی جانب سے محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کو ترجیحی بنیادوں پر صحت، تعلیم اور زندگی کی دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پر زور دیا ہے کہ ڈاکٹرز صوبے اور غریب عوام کے وسیع تر مفاد میں اپنا احتجاج موخر کردیں انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے دیگر جائیز مطا لبات ترجیحی بنیادوں پر حل کر ینگے جبکہ اسپتالوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سے مذ اکرات کے لئے تین رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے واپسی پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سے وہ خود بھی ملاقات کرینگے وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ڈاکٹروں کے مسائل اور مطالبات سے متعلق تفیصلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔اسلام آباد(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کے حصول میں بلوچستان کے سینٹرز اور اراکین قومی اسمبلی بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکریٹری جنرل سینیٹر منظور احمد کاکڑ،سینیٹر عبدالقادر،سینیٹر نصیب اللہ بازئی اور رکن صوبائی اسمبلی نور محمد دمڑ سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی ملاقات کے دوران وفاق سے متعلق صوبے کے امور اور بی اے پی کے معاملات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ بلوچستان کے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کا موقف پرزور انداز میں اٹھائیں اور اس حوالے سے وفاقی دارلحکومت میں ہر سطح پر بھرپور طور پر متحرک اور فعال کردار ادا کریں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت سینیٹ میں نمائندگی کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی چوتھی بڑی جماعت ہے جس کا فائدہ صوبے کو پہنچنا چاہئے اگر سینٹ اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کے نمائندے صوبے کے مفادات کے حصول کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں تو اس کے بہترین نتائج حاصل ہونگے انہوں نے کہا کہ آئند ہ دورہ اسلام آباد میں وہ بلوچستان کے سینیٹر وں اور اراکین قومی اسمبلی کے وفد کے ہمراہ ویراعظم عمران خان سے ملاقات کرینگے ملاقات کے دوران بلوچستان عوامی پارٹی کو قومی سطح پر وسعت دینے کے لیے مربوط لائحہ عمل کی تیاری سے اتفاق کرتے ہوئے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو ذمہ داری سونپی گئی اس موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائیزر نومنتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور انکی صحتمندی کی دعا کی گئی۔


