حکومت خود تنظیموں کو کالعدم قرار دےکر پابندیاں ہٹاتی ہے،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماشاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت خود ایک تنظیم کو کالعدم قرار دیتی ہے اور خود ہی پابندیاں ختم کردیتی ہے۔

اسلام آباد میں منگل کوایل این جی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہرصحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خود ایک تنظیم کوکالعدم قراردیتی ہےاور خود ہی پابندیاں ختم کردیتی ہے اوراب تواتحادی بننے کی تیاری ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ادویات اسکینڈل میں میرا نام آرہا ہے تو میرے خلاف پرچہ کاٹ دیں۔ وزیراعظم نے ادویات چوری کیس میں عامر کیانی کوبرخاست کیا تھا لیکن چیرمین نیب نے ان کو کلئیرکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چور نہیں ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمانی نظام میں ملک میں انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں لیکن اس حوالے سے کوئی پیش گوئی نہیں کروں گا۔اپنے کیس سے متعلق شاہد خاقان نے بتایا کہ نیب پراسیکوٹر نے آج پہلی بار ہمارا جرم بتایا ہے۔ پورے ملک کی گیس اس ہی ٹرمینل سے آرہی ہے جومعاہدہ پاکستان مسلم لیگ نون نے کیا تھا۔ حکومت نے جو ایل این جی لی اس پر 25 ارب روپے اضافی ادا کیے گئے۔

انھوں نے بتایا کہ چیرمین نیب نے بیان دیا ہے کہ 539 ارب روپے کما کردئیے ہیں۔ تاہم ملک میں 4 سال میں پاکستان کی بڑی کمپنیاں پی ایس او، او جی ڈی سی ایل بھی اتنی آمدن نہیں کماسکی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ چیرمین نیب کے 4 سال میں حکومت کو نیب سے صرف ایک اعشاریہ چارارب روپے وصول ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ چیرمین یا پراسیکوٹر اچھی طرح پڑھ لیں کہ نقصان ہوتا کیا ہے؟۔چیرمین نیب اگرغیرجانبدار ہیں تو کیس بنائیں اورکیس تو چئیرمین نیب پربھی بنےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں