بلوچستان ہائی کورٹ،سرفراز بگٹی کو بچی اغواء کے کیس میں بچی کے ہمراہ پیش ہونے کے احکامات

کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق وزیرداخلہ سینیٹر میر سرفراز بگٹی کو بچی اغواء کے کیس میں بچی کے ہمراہ پیش ہونے کے احکامات جاری کردئیے، پیر کو سابق وزیرداخلہ سینیٹر میر سرفراز بگٹی کی بچی کے اغواء میں معاونت کے کیس میں عبوری ضمانت کی تصدیق کیلئے درخواست کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ نے کی، سماعت میں درخواست گزار سینیٹر سرفراز بگٹی عدالت میں پیش نہیں ہوئے انکے وکیل کامران مرتضی ایڈوکیٹ نے موکل کی حاضری سے استثنی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میرے موکل لاک ڈاؤن ٹرانسپورٹ اورفلائٹ کی بندش کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ہم بار بار درخواست گزار کو موقع دے رہے ہیں،لیکن وہ بچی کو پیش نہیں کررہے آئندہ پیشی پر سرفراز بگٹی بچی کے ہمراہ پیش ہوں جس کے بعد بچی کے اغواء میں معاونت کے کیس میں عبوری ضمانت کی تصدیق کی درخواست کی سماعت چھ مئی تک ملتوی کردی گئی، واضح رہے کہ 11سالہ بچی کی نانی نے سینیٹر میر سرفراز بگٹی کو اپنی کم سن نواسی کے اغواء میں معاونت کے کیس میں نامزد کیاہواہے


