عوام میں حقوق و فرائض کے احساس کو اجاگر کرنے میں وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ عوام میں حقوق و فرائض کے احساس کو اجاگر کرنے اور عدل وانصاف تک رسائی کو ممکن بنانے میں وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے. گورنر نے صوبہ کے معتدل اور روشن فکر افراد پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں جمہوری رویوں کو فروغ دینے، اختلاف رائے کا احترام پیدا کرنے اور انسانی عظمت کو اُجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اجمل کاکڑ ایڈووکیٹ کی قیادت میں سموار کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں وکلاء برادری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. وفد میں ممبر بلوچستان بار کونسل قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ، سید نور آغا ایڈووکیٹ، قاسم خان مندوخیل، میر اسد لانگو، محمد عباس کاکڑ، دوست محمد کاکڑ اور عمران لانگو ایڈووکیٹ شامل تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کی تیزرفتار ترقی اور خاص طور سے وکالت پر اسکے اثرات نے مقابلہ کے رحجان کو بہت بڑھا دیا ہے. معاشرے کے بطور ایک ذمہ دار شخص آپ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ اپنی محنت اور قابلیت کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں. ہمیں وکیلوں کی تعداد کے بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا. وفد نے گورنر بلوچستان کو وکلاء کیلئے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام، ہیلتھ کارڈز کا اجراء اور ٹرانسپورٹ کی سہولت کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے وکلاء برادری کو درپیش مسائل ومشکلات کے پائیدار حل کیلئے ہر سطح پر اُن کیلئے بھرپور آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی


