پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور استحکام کی راہ حقیقی جمہوریت میں ہے، محمود خان اچکزئی

کوئٹہ: انگریزی استعمار کی استعماریت کیخلاف جدوجہد کرتے ہوئے اس خطے میں سب سے پہلے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے سیاست کی بنیاد رکھی اور خان شہید ہی نے 1887ء میں بننے والے چیف کمشنر صوبے برٹش بلوچستان کو گورنر کے صوبے کی حیثیت دلانے کا مطالبہ کیا اور خان شہید نے ضد امپیریلزم، ضد فیوڈلزم اور جمہوری سیاست کو آگے بڑھاتے ہوئے پہلی سیاسی پارٹی انجمن وطن کے قیام کو ممکن بنایا اس کے بعد جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے ورور پشتون پارٹی بنائی اورپھر پاکستان کے قیام کے بعد صوبہ پشتونستان کی تشکیل کا تصور پیش کیا۔نیپ سے اختلاف کے بعد اپنے پارٹی کے نام کے ساتھ پشتونخوالفظ کا اضافہ کیا جو تاریخ میں خوشحال خان خٹک اور احمد شاہ بابا کے بعد واحد رہنماء ہے جس نے پشتونخوا لفظ کے ذریعے اپنی ملت کو اپنے وطن کی جغرافیہ سے آگاہی دی۔ اصلی اور حقیقی بلوچستان کی تقسیم نہیں چاہتے،پاکستان میں مسلسل بحرانوں کا سبب ملکی آئین پر عملدرآمد سے مسلسل انحراف ہے، پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور استحکام کی راہ حقیقی جمہوری پاکستان میں ہے۔ نوازشریف اب بھی ملک کے جمہوری عوام کے مقبول رہنماء ہے، افغانستان کے استقلال کی ضمانت اور اُس کی ارضی تمامیت کا تحفظ سب سے اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی نائب صدر محمود خان اچکزئی نے سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 48ویں برسی کے مرکزی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریز نواب ایاز خان جوگیزئی، عبدالرحیم زیارتوال، عبدالرؤف خان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ، خوشحال خان کاکڑ، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے سرانجام دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں