عدلیہ وزارت تعلیم اور صحت کی کارکردگی خراب سروے
اسلام آباد(آئی این پی)اپسوس پاکستان کی جانب سے کیے گئے سروے نتائج کے مطابق وزارت تعلیم، وزارت صحت اور عدلیہ عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، سروے میں ملک بھر سے 1100سے زائد افراد نے حصہ لیا جس میں ان سے مختلف وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق پوچھا گیا، نجی ٹی وی کے مطابق سروے میں عوام نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، این سی او سی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور عدلیہ کی کارکردگی کو توقعات سے خراب قرار دیا،سروے میں 46فیصد پاکستانیوں نے وزیر تعلیم شفقت محمود کی کارکردگی کو توقعات سے خراب کہا ہے جب کہ 14فیصد نے کارکردگی کو توقع سے بہتر قرار دیا،40فیصد عوام نے کہا کہ جیسی توقع تھی شفقت محمود نے ویسے ہی کام کیا،سروے میں 45فیصد نے وزارتِ تعلیم کی کارکردگی کو توقعات سے خراب قرار دیا، 18فیصد نے توقعات سے بہتر جبکہ 37فیصد نے جیسی توقع تھی ویسی ہی کارکردگی ہونے کا کہا،اپسوس کے مطابق 40فیصد پاکستانی این سی او سی کی کارکردگی کو بھی توقعات سے خراب کہتے نظر آئے، 21فیصد نے توقعات سے بہتر کہا اور 39فیصد نے جیسی کارکردگی کی توقع تھی ویسی ہی ہونے کا کہا،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی کارکردگی کو 45فیصد پاکستانیوں نے توقعات سے خراب کہا، 16فیصد نے بہتر کہا جب کہ 39فیصد نے جیسی کارکردگی کی توقع تھی ویسی ہی ہونے کا کہا،سروے میں عدلیہ کی کارکردگی کو 47فیصد پاکستانیوں نے توقعات سے خراب قرار دیا، 15فیصد نے توقعات سے بہتر جب کہ 38فیصد نے کہا کہ جیسی توقع تھی ویسی ہی کارکردگی ہوئی۔


