مری میں قیمتی انسانی جانوں کیضیاع سے دل بہت غمگین ہے، نوازشریف

لندن: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ مری میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے دل بہت غمگین ہے، معصوم پاکستانی بچوں سمیت سخت سردی میں مرتے رہے جبکہ نااہل اور بیحس حکمران اپنے محلوں میں سوتے رہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر سانحہ مری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ سانحہ مری میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے دل بہت غمگین ہے۔معصوم پاکستانی سخت سردی میں بچوں سمیت تڑپ تڑپ کر مرتے رہے اور نااہل، کر پٹ اور بے حس حکمران اپنے محلوں میں سوتے رہے۔ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی بے سمت حکومت کی حکمرانی کا فلسفہ مرے کو مارے شاہ مدار ہے۔کچھ بھی غلط ہوجائے، اس کا ملبہ کسی نہ کسی کے سر تھونپ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ لوگوں کے ملک کو وہ چلارہے ہیں جن میں ذمہ داری نبھانے اور حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے مری میں برفباری میں پھنسے لوگوں کی اموات پر اپنے بیان میں کہا کہ غیرمعمولی برفباری اور موسمی صورتحال معلوم کیے بغیر عوام نے مری کا رخ کیا، اس صورتحال کیلئے ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی، موسم کی خراب صورتحال اور عوام کے رش کے باعث یہ صورتحال پیش آئی۔انہوں نے کہا کہ مری واقعے پر بہت غمزدہ ہوں، مری میں سڑکوں پر سیاحوں کی اموات پر بہت افسردہ ہوں، مری میں پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یاد رہے ملک کے پرفضا مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس گئے، مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد جب برفباری کا نظارہ کرنے پہنچی، جہاں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری اور گلیات میں داخل ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ فیملیز گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مری میں شدید برف باری سے سڑکیں بند ہونے سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں اور 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں